مون سون کے نئے اسپیل کی انٹری، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش، اربن فلڈنگ کا خدشہ

لاہور/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کے نئے اسپیل نے انٹری دے دی، جس کے باعث لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، وزیرآباد، پھالیہ، مریدکے، خانپور اور ہری پور سمیت کئی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
لاہور میں لکشمی چوک 15.2، اپر مال 0.8، مغلپورہ 7.8، تاجپورہ 4.4، چوک ناخدا 13.2، پانی والا تالاب 19.6، فرخ آباد 1 اور سگیاں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 5 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔



