مومنہ اقبال کے خلاف ریمارکس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کا سخت ایکشن

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان نے اداکارہ مومنہ اقبال کے خلاف اسمبلی فلور پر دیے گئے ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں توہین آمیز اور تعصب پر مبنی قرار دیتے ہوئے سرکاری ریکارڈ سے حذف کر دیا۔
اسمبلی اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی ندیم قریشی نے سیاسی نمائندگی پر جاری بحث کے دوران مومنہ اقبال کا نام لیتے ہوئے یہ ریمارکس دیے تھے۔
اس موقع پر اسپیکر نے فوری مداخلت کرتے ہوئے رکنِ اسمبلی کو اپنے الفاظ واپس لینے کی ہدایت کی۔
اسپیکر نے کہا کہ مومنہ اقبال شوبز انڈسٹری کی ایک باعزت شخصیت ہیں اور ان کے بارے میں اس نوعیت کے ریمارکس انتہائی امتیازی اور تعصب پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی فلور پر کسی فرد کو ذاتی طور پر نشانہ بنانا مناسب نہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے متعلقہ ریمارکس کو فوری طور پر کارروائی کے ریکارڈ سے حذف کرنے کا حکم بھی دیا۔



