لاہور رجسٹری میں 1976 سول مقدمات زیر سماعت، 50 سال پرانے کیسز کے فیصلے کر رہے ہیں، جسٹس شاہد وحید

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) سپریم کورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید نے کہا ہے کہ لاہور رجسٹری میں اس وقت سول نوعیت کے 1976 مقدمات زیر سماعت ہیں، عدالت پچاس سال پرانے کیسز کے فیصلے کررہی ہے، اس عمل میں وکلاء نے عدالت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور امید ہے آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔

پاکستان بار کونسل کی دعوت پر سپریم کورٹ کے ججز نے لاہور رجسٹری کے بار روم میں منعقدہ چائے کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس شاہد بلال، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی توجہ کے باعث لاہور رجسٹری میں سول اور فوجداری مقدمات کے فیصلے ہورہے ہیں اور دہائیوں سے زیر التوا کیسز نمٹائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1999 میں دائر ہونے والے ایک مقدمے کا فیصلہ بھی 2026 میں ہوا، جو ان کے مطابق چیف جسٹس کی توجہ کے باعث ممکن ہوا۔

جسٹس شاہد وحید نے پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں چائے کی دعوت دی گئی ہے، اس لیے وہ زیادہ تفصیلی گفتگو نہیں کریں گے اور صرف شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور رجسٹری میں اس وقت سول نوعیت کے 1976 کیسز چل رہے ہیں اور عدالت پچاس سال پرانے مقدمات کے فیصلے کررہی ہے۔ جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ وکلاء نے مقدمات نمٹانے کے عمل میں عدالت کے ساتھ تعاون کیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح تعاون جاری رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button