محسن نقوی کا انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے انسانی سمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لانے اور جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن پر زور دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف مؤثر کارروائی ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے عملی نتائج نظر آنے چاہئیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے افسران اور عملے کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کیے جارہے ہیں، جبکہ ضرورت کے مطابق مزید وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز کے پرانے کیمروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل کیمروں سے تبدیل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔
شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور نے اپ گریڈیشن منصوبے پر پیش رفت اور دفتر کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 1670 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ 5 ہزار انکوائریز میں سے 4 ہزار نمٹا دی گئیں۔ اس دوران 295 اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، ڈائریکٹر ایف آئی اے زونل آفس لاہور اور تمام سرکل انچارجز نے شرکت کی۔



