ذاتی مفادات چھوڑ کر صرف پاکستان کے لیے ایک ہونا ہوگا، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد، قوم کو آزادی کی خوشیاں مبارک ہوں۔
اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ 14 اگست ہماری درخشاں قومی تاریخ کا عظیم، یادگار اور ناقابلِ فراموش دن ہے۔ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں بالخصوص قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کے احسانات کا بدلہ تاقیامت نہیں اتار سکتی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہدا کا خون شامل ہے، جن کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دفاعِ وطن، قیامِ امن اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم جیسے سنہری اصول پاکستان کی طاقت، پہچان اور بقا کی سب سے بڑی ضمانت ہیں۔ آج وطنِ عزیز کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطر ذاتی مفادات کو ترک کرکے صرف پاکستان کے لیے ایک ہونا ہوگا۔ یہ وطن ہم سب پر قرض ہے اور اس قرض کو اپنا فرض سمجھ کر ادا کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان جیسا خوبصورت اور وسائل سے مالا مال ملک پوری دنیا میں نہیں، لیکن بدقسمتی سے ہم نے پاکستان کو ترجیح دینے کے بجائے باہمی اختلافات کو آگے بڑھایا۔
محسن نقوی نے زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ زبانی جمع خرچ کے بجائے پوری قوم یکجا ہو، صرف پاکستان کا سوچے اور پاکستان کے لیے آگے بڑھے۔ یومِ آزادی کا تقاضا ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر وطنِ عزیز کے روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کیا جائے۔
انہوں نے اہلِ وطن کو ایک بار پھر یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد، اخلاص اور قومی ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کو مزید مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنایا جائے گا۔



