سکیورٹی فورسز نے 32 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 32 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں ملک کے امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگرد عناصر کو ملک میں کہیں بھی پناہ نہیں ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔



