امریکہ صرف معاشی مفادات کی زبان سمجھتا ہے، معاہدوں پر عمل نہ ہوا تو توانائی ترسیل متاثر ہوگی، ایرانی قیادت کا انتباہ

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ امریکہ کسی بھی چیز سے بڑھ کر معیشت اور معاشی مفادات کی زبان کو سمجھتا ہے، اس لیے عالمی معاہدوں پر صرف دستخط کافی نہیں بلکہ ان پر مکمل عملدرآمد بھی ضروری ہے۔
اپنے ایک بیان میں محمد مخبر نے خبردار کیا کہ جب تک طے پانے والے معاہدے عملی شکل اختیار نہیں کرتے اور صرف کاغذی دستاویزات تک محدود رہتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں توانائی کی ترسیل متاثر رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک واضح پیغام ہے کہ عالمی معاہدوں کی کامیابی کا انحصار ان کے مؤثر نفاذ پر ہوتا ہے۔ اگر فریقین اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کریں تو اس کے اثرات نہ صرف معیشت بلکہ توانائی کے عالمی شعبے پر بھی مرتب ہوں گے۔
محمد مخبر کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ممالک کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی، بصورت دیگر عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ان کے بیان کو ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور حالیہ علاقائی پیش رفت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



