فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، دفاعی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

ریاض(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف و کمانڈر ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ امور اور مکہ دفاعی تعاون معاہدے سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مکہ دفاعی تعاون معاہدے میں شامل ممالک کے سربراہانِ افواج کے اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا اور معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ اور سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں سمیت خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر دونوں جانب سے مکہ دفاعی تعاون معاہدے کے دائرہ کار میں تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے ایسے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں سعودی وزیر مملکت، رکن مجلسِ وزرا اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور وزیر دفاع کے انٹیلی جنس امور کے مشیر ہشام بن عبدالعزیز بن سیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بھی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فریقین نے مکہ دفاعی تعاون معاہدے سے متعلق ممالک کے چیفس آف اسٹاف اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا اور معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شہزادہ خالد بن سلمان کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان معاہدے کے دائرہ کار میں تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button