دبئی میں شیخ احمد بن راشد المکتوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، پاکستانی کمیونٹی کی شرکت

دبئی (ویب ڈیسک) دبئی میں پاکستانی صحافتی فورمز پی جے ایف یو اے ای اور پی ایف یو جے یو اے ای کے زیر اہتمام متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے بھائی شیخ احمد بن راشد المکتوم کے ایصالِ ثواب کے لیے تعزیتی ریفرنس اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، کاروباری شخصیات، صحافیوں اور مختلف سماجی و پیشہ ورانہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے شیخ احمد بن راشد المکتوم کی دبئی اور متحدہ عرب امارات کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آل مکتوم خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

مقررین نے کہا کہ مرحوم کی شخصیت خدمت، رواداری اور قیادت کی علامت تھی جبکہ ان کی وفات دبئی اور متحدہ عرب امارات کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

تعزیتی ریفرنس میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر شبیر مرچنٹ، میڈیا اینڈ ایونٹ ڈائریکٹر افتخار علی تتلہ، پاکستان جرنلسٹ فورم کے صدر طاہر منیر طاہر، پی ایف یو جے یو اے ای کے صدر خالد ملک، جنرل سیکرٹری انصر اکرم، سینئر نائب صدر رانا کاشف اقبال، معروف صحافی مظفر رضوی، پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری، میمن لیڈرز فورم کے چیئرمین اقبال ایڈوانی، پی ایف یو جے یو اے ای کے فاؤنڈر اور دنیا نیوز کے یو اے ای بیورو چیف سید مدثر خوشنود سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

شرکا کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی غم کی اس گھڑی میں اماراتی قیادت، دبئی کے عوام اور آل مکتوم خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام کے درمیان محبت، احترام اور اخوت کے مضبوط تعلقات قائم ہیں۔

تقریب کے دوران مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت، درجات کی بلندی، آل مکتوم خاندان کے لیے صبر و استقامت جبکہ متحدہ عرب امارات کے امن، ترقی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔

اس موقع پر معروف صحافی سعدیہ عباسی کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد یو اے ای واپسی پر خصوصی عشائیہ بھی دیا گیا۔ تقریب میں صحافی برادری، کاروباری رہنماؤں اور کمیونٹی نمائندوں نے شرکت کی۔

پی جے ایف یو اے ای اور پی ایف یو جے یو اے ای کے نمائندوں نے تمام مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اجتماعات پاکستانی کمیونٹی کے باہمی روابط، یکجہتی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ احترام و وابستگی کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button