پی ٹی آئی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داری پوری کرے، خواجہ آصف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی پر دہشت گردی کے خلاف جنگ سے لاتعلقی اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کے حوالے سے اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو صرف پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں، احتجاج یا لانگ مارچ کے تناظر میں دیکھنا اصل مسئلے سے نظریں چرانے کے مترادف ہے۔
وزیر دفاع نے سوال اٹھایا کہ ایک صوبائی حکومت کب تک وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی کوششیں کرتی رہے گی اور وفاقی اداروں کے ساتھ مسلسل محاذ آرائی کے کیا نتائج نکلیں گے؟
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خطرے کے مقابلے میں یہ بھی دیکھا جانا چاہیے کہ صوبائی حکومت نے اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داریاں کس حد تک پوری کی ہیں۔
خواجہ آصف نے پی ٹی آئی حکومت پر مالی بدعنوانی اور دہشت گردی کے حوالے سے سازگار ماحول پیدا کرنے کے الزامات بھی عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے جنازوں میں صوبائی حکومت کی عدم موجودگی، اہل خانہ سے اظہار یکجہتی سے گریز، پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد میں مطلوبہ اضافہ نہ کرنا اور ضم شدہ اضلاع میں مؤثر گورننس پر توجہ نہ دینا بھی قابلِ غور امور ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امن و امان، انسداد دہشت گردی، مؤثر حکمرانی، وفاقی استحکام اور آئینی و قانونی تقاضوں کی تکمیل قومی ایجنڈا ہے۔ ان کے بقول پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس کی ترجیح کسی ایک شخصیت یا گروہی مفادات ہیں یا ملک کے وسیع تر مفادات۔



