مٹھی میں ہندو لڑکی کے مبینہ اغوا کے خلاف والدین کا احتجاج، انصاف کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)مٹھی شہر کی رہائشی ہندو لڑکی شریمتی منیلا دختر کھاٹائو، جو چند روز قبل گھر سے نکل کر کھیمچند میگھواڑ کے ساتھ حیدرآباد کی عدالت میں شادی کر چکی تھی، کے معاملے پر اس کے والدین نے پولیس اسٹیشن مٹھی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاج کرنے والوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو زبردستی اغوا کیا گیا ہے اور اسے فوری طور پر ان کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ اپنی مرضی سے گئی ہے یا اس کے ساتھ کسی قسم کی زبردستی کی گئی ہے۔

مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اس معاملے میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو وہ پولیس اسٹیشن کے اندر خودسوزی کرنے پر مجبور ہوں گے۔

بعد ازاں ڈی ایس پی مٹھی ماجد قائمخانی احتجاجی مقام پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور قانون کے مطابق متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ ڈی ایس پی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button