نورستان کی لڑائی کا الزام پاکستان پر عائد کرنا سفید جھوٹ ہے، وزارتِ اطلاعات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) افغانستان کے نورستان میں جاری لڑائی کا الزام پاکستان پر عائد کیے جانے پر وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان حکومت کے بیان کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق نورستان کی لڑائی کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دینا افغان طالبان اور ان کے ترجمانوں کا سفید جھوٹ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے بے بنیاد الزامات کا مقصد افغانستان میں جاری اندرونی بغاوت، مبینہ ظلم اور عدم استحکام سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے افغان طالبان حکومت کو غیر نمائندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت افغان عوام پر بزورِ طاقت مسلط کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق افغان طالبان کے بیانات ان کی اندرونی ناکامیوں اور مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ بعض افغان رہنما مبینہ طور پر مالی مفادات کے لیے ’ہندوتوا‘ کے عزائم کی پراکسی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزارتِ اطلاعات نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی سرپرستی اور سہولت کاری افغان طالبان کا غیر اسلامی طرزِ عمل ہے، جبکہ مالی مفادات کی خاطر خطے کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کی پالیسی خود افغانستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
حکام کے مطابق افغان طالبان ریجیم کا ’’کرائے کے ایجنٹوں‘‘ والا طرزِ عمل افغانستان کو مزید مشکلات کی طرف لے جا رہا ہے۔ وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان نورستان میں جاری لڑائی سے متعلق افغان طالبان کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔



