میپکو خسارے سے نکل کر منافع بخش کمپنی بن گئی، دو سال میں 37 ارب روپے سے زائد کا مالیاتی ٹرن اراؤنڈ

ملتان(جانوڈاٹ پی کے) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) خسارے سے نکل کر منافع بخش کمپنی بن گئی ہے، جس نے گزشتہ دو سال کے دوران نمایاں مالیاتی بہتری حاصل کی ہے۔
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری کی قیادت میں میپکو نے مالیاتی ٹرن اراؤنڈ حاصل کرتے ہوئے 34 ارب 95 کروڑ روپے کا خسارہ کم کیا۔
ترجمان کے مطابق میپکو 36 ارب روپے کے مجموعی خسارے سے نکل کر اب 1 ارب 5 کروڑ روپے منافع کمانے میں کامیاب ہو گئی ہے، جبکہ دو برسوں میں کمپنی کا مجموعی مالیاتی ٹرن اراؤنڈ 37 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
حکام کے مطابق میپکو کی مالی کارکردگی میں بہتری کی بنیادی وجہ لائن لاسز میں کمی اور بجلی بلوں کی وصولی کی شرح میں اضافہ ہے۔ کمپنی کے لائن لاسز 15.2 فیصد سے کم ہو کر 11.9 فیصد رہ گئے، جبکہ ریکوری کی شرح 98.6 فیصد سے بڑھ کر 100.8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ترجمان میپکو کے مطابق مؤثر بلنگ، بجلی چوری کے خلاف اقدامات، جامع اصلاحات، سخت نگرانی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کمپنی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد اور خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز، آٹومیشن اور شفاف نگرانی کے نظام نے بھی میپکو کے مالیاتی استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔
پاور ڈویژن کے مطابق میپکو کی کامیابی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل بن چکی ہے، جبکہ اسی اصلاحاتی ماڈل کو دیگر کمپنیوں میں بھی نافذ کرنے کا عمل جاری ہے۔



