ویاجی ہریش سونا واپس نہیں کر رہا، یتیم خاندان کا احتجاج، انصاف کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) گاؤں بورلی محمد شاہ کی میگھواڑ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک غریب اور یتیم خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا ڈیڑھ تولہ سونا، جو مجبوری کے تحت رہن (سود پر) رکھا گیا تھا، کئی سال گزرنے کے باوجود واپس نہیں مل سکا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق گاؤں کے رہائشی کیول میگھواڑ کا 2018ء میں انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد ان کی بیوہ اور یتیم بچے نانی کے گھر میں رہائش پذیر ہوگئے۔ خاندان کا کہنا ہے کہ کیول کی بیوی کے بھائی سنبھو ولد امرو، رہائشی نالیچگو لنجو گاؤں گڑیاں چھو، کی معرفت اسلام کوٹ کے ایک تاجر ہریش بنیوں کے پاس ڈیڑھ تولہ سونا 30 ہزار روپے کے عوض رہن رکھا گیا تھا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل ہریش سے سونا واپس لینے کے لیے رابطہ کرتے رہے، لیکن وہ مختلف حیلوں بہانوں سے ٹالتا رہا۔ اب اس نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کا حساب کتاب نالیچگو کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے۔ دوسری جانب نالیچگو کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ہریش سے سونا واپس لینے کا کوئی ذریعہ نہیں اور وہ اسے دباؤ میں رکھے ہوئے ہے۔
متاثرہ خاتون اور اس کے یتیم بچوں نے ایک ویڈیو بیان کے ذریعے اپنے دکھ اور پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام، سماجی تنظیموں اور بااثر افراد سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر ان کا سونا واپس دلایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔



