ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا آغاز، ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار شریک

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کا آغاز ہوگیا، امتحان کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملک بھر میں صبح 10 بجے شروع ہوا، جس کا دورانیہ 3 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔ امتحان کے لیے ملک کے 34 شہروں اور سعودی عرب کے شہر ریاض میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے میڈیکل کالجز کے لیے 49 ہزار 199، خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 841 اور سندھ میں 34 ہزار 233 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ بلوچستان میں 9 ہزار 923، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 761، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 721 اور اسلام آباد میں ایک ہزار 245 امیدوار امتحان دے رہے ہیں، جبکہ ریاض میں 237 امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہیں۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے لیے 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالیہ بینک تیار کیا گیا ہے۔ ہر صوبے کے لیے الگ پرچہ ہوگا جبکہ کم از کم 2 اضافی پرچے بھی تیار کیے گئے ہیں۔ ہر پرچے میں 180 سوالات شامل ہیں۔

امتحانی انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے قبل مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ٹیسٹ کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔ امتحان کے بعد سوالیہ پرچہ امیدوار اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے بلکہ روانگی سے قبل اسے نگران عملے کے حوالے کرنا ہوگا، بصورت دیگر نتیجہ منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو لے جانے پر پابندی عائد ہے۔

ایم ڈی کیٹ 2026 میں جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔ تاہم امیدواروں کی شناخت کے لیے امتحانی مرکز پر اصل مارک شیٹ کی جانچ کی جائے گی، اس لیے امیدواروں کو شناختی دستاویزات سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button