میڈیکل داخلوں کا بڑا فراڈ بے نقاب، ایف آئی اے نے مرکزی ملزمان پکڑ لیے

 پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ایم ڈی کیٹ امتحان میں نمبرز بڑھوانے کا جھانسہ دے کر طلبہ اور والدین سے کروڑوں روپے بٹورنے والے منظم گروہ کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے خیبر پختونخوا محمد اعجاز خان کی خصوصی ہدایت پر ایف آئی اے ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور مبینہ نیٹ ورک سے وابستہ اہم ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے زیرِ استعمال موبائل فونز کو فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تفتیش کا دائرہ مزید بڑھایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ مبینہ گروہ کے دیگر سہولت کاروں اور ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق تفتیش کے دوران سامنے آنے والے ڈیجیٹل شواہد کی روشنی میں نیٹ ورک کے دیگر ارکان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button