ماتلی کے پارابی محلہ میں کم عمر بچوں کو بلیک میل کرنے اور منشیات فروشی کیخلاف احتجاج

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) پارابی محلہ ماتلی کے مکینوں نے مبینہ طور پر محلہ کے بعض اوباش نوجوانوں کی جانب سے کم عمر بچوں کو بلیک میل کرنے اور منشیات کی فروخت کے خلاف سوشل ورکر اعجاز احمد سولنگی اور دیگر افراد کے ہمراہ ماتلی پریس کلب پہنچ کر احتجاج کیا۔ اس موقع پر متاثرہ مکینوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محلہ کے بعض نوجوانوں نے معصوم اور نو عمر بچوں کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ محلہ میں مبینہ طور پر سرعام منشیات کی فروخت بھی کی جا رہی ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں خصوصاً والدین میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مظاہرین نے ایک پولیس افسر کا نام لیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مذکورہ افسر مبینہ طور پر ان عناصر کی سرپرستی کر رہا ہے اور اس کے پارابی محلہ میں رہائش اختیار کرنے کے بعد منشیات کے کاروبار میں مبینہ طور پر اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ الزامات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ملوث افراد اور ان کے مبینہ سرپرست کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور محلہ کے کم عمر بچوں کو بلیک میلنگ اور منشیات کے خطرے سے محفوظ بنایا جائے۔



