مفاہمتی یادداشت کے تمام نکات ہمارے مفاد میں ہیں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

تہران(ویب ڈیسک)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی تمام شقیں ایران کے قومی مفاد کے مطابق ہیں اور امید ہے کہ جاری مذاکرات کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا کا بنیادی مؤقف صرف یہ ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرے، جبکہ ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ متعدد بار یہ واضح کر چکے ہیں کہ ایران ایٹم بم بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب امریکا نے جوہری معاہدے پر دستخط کی بات کی تو ایران نے معاہدے پر دستخط کر دیے اور اپنی ذمہ داری پوری کی۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی اور امریکی وفود کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات جاری ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق مذاکرات میں قطر اور پاکستان کے نمائندے بھی موجود ہیں، جبکہ ایران بطور ثالث شریک پاکستانی اور قطری وفود سے علیحدہ ملاقاتیں بھی کرے گا۔
بیان کے مطابق مذاکرات میں ایرانی تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی، منجمد اثاثوں کی بحالی اور دیگر اہم اقتصادی امور زیر غور ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جاری مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران و امریکا کے تعلقات میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔



