پائیدار امن کیلئے تشدد، نفرت اور انتہا پسندی کا خاتمہ ناگزیر ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے لیے تشدد، نفرت اور انتہا پسندی کا خاتمہ ناگزیر ہے، معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور پاک فوج اور دیگر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے خدمات انجام دینے والے پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کو بھی سلام پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے امن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پائیدار امن ناگزیر ہے۔ امن ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے، کیونکہ امن ہی سے معاشرے میں خوشحالی اور خوشیاں پھیلتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عالمی یومِ امن ہمیں برداشت اور رواداری کو فروغ دینے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ پائیدار امن کے لیے تشدد، نفرت اور انتہا پسندی کا خاتمہ ضروری ہے، جبکہ معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت امن، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ تشدد اور انتشار کا راستہ اختیار کرنے والے عناصر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ امن صرف جنگ کے خاتمے کا نام نہیں بلکہ انصاف، محبت اور احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا نام ہے۔ دعا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سو امن اور خوشحالی ہو۔



