پنجاب حقیقی طور پرترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہوچکا ، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لودھراں سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی محمد زبیر خان اور شازیہ حیات نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کو درپیش عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز نے انہیں ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی نے ملتان، وہاڑی روڈ کی تکمیل پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ لودھراں میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر بھی عوام کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔

ارکان اسمبلی کے مطابق شاہدہ اسلام ہسپتال، دنیاپور، کچہری چوک، میلاد چوک اور کہروڑ پکا کے روٹس پر الیکٹرو بس سروس عوام میں مقبول ہورہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے صحت کے شعبے میں اقدامات کو بھی سراہا۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے دوسرے صوبوں کے عوام بھی استفادہ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور مختلف اضلاع میں کیتھ لیبز مکمل طور پر فعال ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب ای بس اور ’’مریم کی دستک‘‘ پورٹل جیسی جدید سہولتوں کے ذریعے صوبہ سروسز اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ پنجاب حقیقی معنوں میں ترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہوچکا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button