ہر پاکستانی تعمیرِ وطن میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کرے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے دن ہر پاکستانی کو تعمیرِ وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی۔
مریم نواز نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح اور تحریکِ پاکستان کے دیگر رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے قیامِ پاکستان، تعمیرِ پاکستان اور تحفظِ پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے والے شہدا اور غازیوں کو بھی سلام پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وطن کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والی افواجِ پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور جانباز سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے قربانیاں دینے والوں کی خدمات قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے اساتذہ، طلبہ و طالبات، مزدوروں، کارکنوں اور محنت کشوں کو بھی جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت آنے والی نسلوں کو بہتر، محفوظ اور خوشحال پاکستان دینا چاہتی ہے۔ اگر ہر فرد اپنے حصے کا چراغ روشن کرے تو پورے وطن میں اجالا پھیل سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوہنی دھرتی کو چار چاند لگانے کے لیے اخلاص اور احساسِ ذمہ داری ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔ نوجوان نسل کے لیے یومِ آزادی مستقبل سے عہدِ وفا نبھانے کا دن ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتی ہیں۔ طلبہ کا دل لگا کر پڑھنا، اساتذہ کا دلجمعی سے پڑھانا، معالج کا احساسِ ذمہ داری سے فرائض انجام دینا اور تاجر کی دیانتداری بھی حقیقی حب الوطنی کے مظاہر ہیں۔



