پنجاب کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہو چکا ہے، مریم نواز شریف

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب میں ترقی کا ایک نیا اور سنہری دور شروع ہو چکا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے ارکانِ اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہات میں صفائی کے منظم نظام کے آغاز اور 13 ہزار سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت و توسیع کو سراہا۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، اور 3 ہزار سے زائد مراکز صحت کو جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ کلینکس میں تبدیل کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف میڈیکل سٹی جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ پہلا سرکاری آٹزم اسکول خصوصی بچوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق سرگودھا میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام سے دل کے مریضوں کو بہتر سہولیات مل رہی ہیں، جبکہ ہر ضلع میں کیتھ لیب منصوبہ امراضِ قلب کے فوری علاج میں مدد دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر ضلع میں فالج کے فوری علاج کے لیے اسٹروک مینجمنٹ سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ اپنا چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ بے زمین اور بے روزگار کسانوں کے لیے اپنا کھیت، اپنا روزگار منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ الیکٹرک بس سروس دور دراز علاقوں میں عوام کو آرام دہ اور مفت سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button