چینی وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف جنگ کو غیر قانونی قرار دے دیا

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے\ مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خطے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے بیجنگ میں ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، عالمی پیش رفت اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطہ اس وقت نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ سفارتی کوششیں کی جائیں گی۔ ان کے مطابق مکمل جنگ بندی ناگزیر ہے اور فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات ضروری ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران صرف ایک منصفانہ اور جامع معاہدہ قبول کرے گا اور موجودہ حالات میں چین کا مؤقف قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، اور ایران اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور کوشش جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور عالمی سطح پر سفارتی سرگرمیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔



