غلط نمبر پلیٹ لگانے والوں کی خیر نہیں! برطانیہ میں بڑا کریک ڈاؤن شروع

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) برطانیہ بھر میں غیر قانونی اور چھپائی گئی نمبر پلیٹس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ انگلینڈ میں ایسی نمبر پلیٹس کی روک تھام کے لیے نئی پولیس ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق نیشنل روڈز پولیسنگ کوآرڈینیشن سینٹر مختلف پولیس فورسز کے درمیان معلومات کے تبادلے اور کارروائیوں میں رابطہ کاری کا کردار ادا کرے گا تاکہ غیر قانونی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف مؤثر کارروائی کی جاسکے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں کی مدد سے ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کی جائے گی جن کی نمبر پلیٹس جان بوجھ کر چھپائی گئی ہوں یا انہیں اس انداز میں تبدیل کیا گیا ہو کہ گاڑی کی شناخت مشکل ہوجائے۔

حکام کے مطابق غیر قانونی نمبر پلیٹس جرائم پیشہ گروہوں کے لیے گاڑیوں کی شناخت چھپانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کا ذریعہ بن رہی ہیں، جس کے باعث ان کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نئے کریک ڈاؤن کے تحت غلط یا غیر قانونی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والے ڈرائیورز کو 1,000 پاؤنڈ تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ جدید کیمروں، پولیس فورسز کے درمیان بہتر معلوماتی رابطے اور مربوط کارروائیوں کے ذریعے غیر قانونی نمبر پلیٹس کے استعمال کو روکنے کی کوشش کی جائے گی۔

اس اقدام کے بعد برطانیہ میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے حوالے سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف نگرانی اور کارروائی مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button