ماتلی: قتل کیس کا فیصلہ، ملزم کو سزائے موت اور جرمانہ

ماتلی (رپورٹ ۔ایم ارگدی / جانوڈاٹ پی کےڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ماتلی نے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم ربن علی لغاری کو سزائے موت اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے جرمانے کی رقم مدعی کو ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سال 2022 میں تھانہ ٹنڈو غلام علی کی حدود میں واقع گاؤں لال بخش لغاری میں نلکے سے پانی بھرنے کے تنازع پر ہونے والے جھگڑے کے دوران 27 سالہ نوجوان شہباز لغاری قتل ہو گیا تھا، جس کے بعد مقتول کے والد ہادی بخش لغاری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ماتلی میں جاری تھی اور فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا، جو آج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خوشی محمد راجپوت نے سنایا۔ عدالت نے ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزائے موت اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ حکم دیا کہ جرمانے کی رقم مدعی فریق کو ادا کی جائے۔ سزا یافتہ ملزم اس سے قبل بھی بدین جیل میں قید تھا۔



