شہدا کی توہین ناقابلِ قبول،سپیکر پنجاب اسمبلی کا مولانا فضل الرحمان سے معافی کا مطالبہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ شہدا کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور مولانا فضل الرحمان کو اپنے حالیہ بیان پر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی اداروں اور شہدا کے احترام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) ایک بڑی سیاسی جماعت ہے، تاہم مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان سے انہیں شدید اختلاف ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے خلاف توہین آمیز بیانات ناقابلِ برداشت ہیں اور شہدا کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، اس لیے قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر تمام سیاسی رہنماؤں کو ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے دہشت گردی کے حوالے سے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات مناسب نہیں، کیونکہ جو عناصر مساجد، امام بارگاہوں، عدالتوں اور عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں، انہیں سیاسی جدوجہد کرنے والوں کے برابر نہیں رکھا جا سکتا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی، ٹرین حملوں اور کلبھوشن یادیو کے اعترافات کے بعد ریاست کی ذمہ داری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے، نہ کہ ان سے مذاکرات کرنا۔ ان کے مطابق ایسے عناصر کو دوبارہ ملک میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کا مؤقف فوج کے سیاسی کردار پر تنقید کا ہے تو وہ ہر دور میں یکساں ہونا چاہیے اور سیاسی جماعتوں کو اپنے بیانات اور مؤقف میں تسلسل برقرار رکھنا چاہیے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ انتخابی تنازعات کا حل سڑکوں کے بجائے آئینی اور قانونی فورمز، خصوصاً الیکشن ٹریبونلز، کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، جبکہ قومی مفاد، ریاستی اداروں، افواجِ پاکستان اور شہدا کے وقار کا تحفظ ہر صورت مقدم رہنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button