مکہ دفاعی اتحاد کی ادارہ جاتی تشکیل میں پیشرفت، مشترکہ ہیڈکوارٹر کے قیام کی تیاری

استنبول(ویب ڈیسک) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مکہ دفاعی اتحاد کی عملی اور ادارہ جاتی تشکیل کے عمل میں پیشرفت جاری ہے، جبکہ مشترکہ ہیڈکوارٹر کے قیام اور عملے کی تعیناتی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ مکہ الائنس مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے اور تینوں ممالک اتحاد کو عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
ہاکان فیدان کے مطابق اتحاد کی ادارہ جاتی ساخت اور سیکریٹریٹ کے قیام پر اتفاق ہو چکا ہے۔ اگلے مرحلے میں مشترکہ ہیڈکوارٹر قائم کیا جائے گا اور تینوں ممالک کی جانب سے عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔
ترک وزیر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں قائم کیے جانے والے سیکریٹریٹ کی ابتدائی سربراہی پاکستانی سیکریٹری جنرل کریں گے۔
مکہ دفاعی اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تکمیل کو تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو عملی سطح پر آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



