محمود اچکزئی دہشت گردوں کا نام نہ لے کر غلط بیانی کر رہے ہیں، وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا نام نہ لینا خوف کے مترادف ہے، سرانان حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم قبول کرچکی ہے۔
ضیاء اللہ لانگو نے الزام عائد کیا کہ محمود خان اچکزئی اپنی جان کے خوف کی وجہ سے دہشت گردوں کا نام لینے سے گریز کر رہے ہیں اور حقائق کو مسخ کرکے پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ رویہ دوغلے پن کے مترادف ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کچھ رہنما شارٹ کٹ اختیار کرتے ہوئے تمام ذمہ داری حکومت پر ڈال دیتے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کئی سیاسی رہنما اپنی جانوں کے خوف کے باعث دہشت گرد تنظیموں کا نام لینے سے گریزاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سے اصل حقائق چھپا کر سارا ملبہ حکومت پر ڈالنا درست نہیں، حقیقی لیڈر کو میدان میں عوام کی قیادت کرتے ہوئے سچائی لوگوں تک پہنچانی چاہیے۔
ضیاء اللہ لانگو کا مزید کہنا تھا کہ پشتونوں کو اصل حقائق اور سچائی بتانے کے بجائے غلط راستہ دکھانا پشتون دوستی نہیں بلکہ پشتونوں سے کھلی دشمنی ہے۔



