گیس کی بندش سے پریشان شہریوں پر ایل پی جی مافیا کا وار، سرکاری نرخ سے 100 روپے تک مہنگی فروخت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) گیس کی بندش سے پریشان شہریوں کے لیے ایل پی جی بھی مہنگی ہوگئی، مارکیٹ میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) سرکاری نرخ سے 100 روپے سے زائد مہنگی فروخت ہونے لگی۔

اوگرا نے اگست 2026 کے لیے ایل پی جی کی قیمت 254.32 روپے فی کلو مقرر کی ہے، جبکہ 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3,000.92 روپے مقرر کی گئی ہے۔

تاہم شہریوں کے مطابق مارکیٹ میں ایل پی جی 350 سے 370 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے، جس کے باعث صارفین کو سرکاری نرخ کے مقابلے میں فی کلو تقریباً 96 سے 116 روپے اضافی ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔

گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری متبادل ایندھن کے طور پر ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ مہنگی گیس نے ان کے گھریلو بجٹ پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی گیس کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، اوپر سے ایل پی جی کی من مانے نرخوں پر فروخت نے پریشانی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور صارفین کو مقررہ نرخ پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button