امریکی شہری ایک ہی نمبر کے 3 ٹکٹوں سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر جیت گیا

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا میں ایک شخص نے اپنی ملازمت کے شناختی نمبر کو لاٹری میں استعمال کرکے حیران کن طور پر ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا۔
ریاست میری لینڈ کے علاقے لا پلاٹا سے تعلق رکھنے والے خوش قسمت شہری نے بتایا کہ اس نے وفاقی ملازمت کے ایمپلائی آئی ڈی نمبر کے ہندسے استعمال کرتے ہوئے ایک ہی قرعہ اندازی کے لیے تین ایک جیسے لاٹری ٹکٹ خریدے تھے۔
اس کے مطابق 5 جون کی قرعہ اندازی سے قبل وہ سو گیا تھا، لیکن اگلی صبح نتائج چیک کرنے پر اسے معلوم ہوا کہ اس کے تینوں ٹکٹوں پر 50، 50 ہزار ڈالر کا انعام نکلا ہے۔
یوں مجموعی طور پر اس کی جیت 1 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی۔
خوش قسمت فاتح کا کہنا ہے کہ اس نے ابھی تک یہ خبر اپنے اہل خانہ سے خفیہ رکھی ہوئی ہے اور بچوں کو یہ خوشخبری سرپرائز کے طور پر دینا چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انعامی رقم کا کچھ حصہ خاندان کے افراد کے ساتھ شیئر کریں گے، کچھ بلوں اور مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر خرچ ہوگا جبکہ ممکن ہے کہ اس رقم سے سیر و سیاحت کا منصوبہ بھی بنایا جائے۔



