نیتن یاہو کا مبینہ خفیہ دورہ ابوظہبی، اماراتی صدر سے ملاقات کا دعویٰ

ابوظہبی(ویب ڈیسک) برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ کیا، جہاں ابوظہبی میں ان کی اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے ملاقات کی تصدیق کی ہے، تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر اور متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نجی طیارے کے ذریعے ابوظہبی پہنچے اور تقریباً ایک روز قیام کے بعد واپس اسرائیل روانہ ہوگئے۔ ملاقات کے ایجنڈے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس مئی میں بھی اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے متحدہ عرب امارات کے دورے اور شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کا اعلان کیا تھا، تاہم اماراتی حکام نے اس ملاقات کی تردید کی تھی۔

نیتن یاہو اور شیخ محمد بن زاید کے درمیان مبینہ حالیہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے کی سکیورٹی صورتحال اور اسرائیل و متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک نے 2020 میں ابراہم معاہدوں کے تحت سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی اخبار کی جانب سے رواں ماہ ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے سے قبل نیتن یاہو کو حماس کی جانب سے مبینہ بڑے آپریشن کی تیاری سے آگاہ کیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات نے اس معاملے پر براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی معاملات پر رابطے برقرار رہے ہیں، تاہم تازہ ملاقات کے حوالے سے دونوں حکومتوں کی جانب سے باضابطہ تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button