بااثر وکیل پر شہری کا سنگین الزام،جھوٹے مقدمات میں جیل بھجوانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا دعویٰ

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)بدین کے قریب گاؤں رئیس نبی بخش بھرگڑی کے رہائشی نعیم الدین ولد علیم الدین بھرگڑی نے بدین پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک وکیل پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں. متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ بااثر وکیل رفیق نے اپنے پیشے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کا گھر تباہ کر دیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نعیم الدین بھرگڑی نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل مذکورہ وکیل ٹیکسی ڈرائیور بن کر ان کی اہلیہ اور بچوں کو مٹھی اور اسلام کوٹ سیر کے بہانے لے گیا، جہاں ان کے بڑے بیٹے حمزہ کو اپنی والدہ اور وکیل کے درمیان مبینہ ناجائز تعلقات کا علم ہوا۔ بیٹے کی اطلاع پر انہوں نے اپنی اہلیہ پر نظر رکھی، جس کے بعد شک یقین میں بدل گیا۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ وکیل نے اپنا جرم تسلیم کرنے کے بجائے اپنی وکالت کی ڈگری کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ان کے خلاف چار جھوٹے مقدمات درج کروا دیے، جس کے نتیجے میں انہیں جیل بھیج دیا گیا۔
نعیم الدین کے مطابق، ان واقعات کے بعد انہوں نے پندرہ روز قبل اپنی اہلیہ کو طلاق دے دی ہے، تاہم اس کے باوجود وکیل کی جانب سے انہیں مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس کے باعث ان کی اور ان کے بچوں کی زندگی خطرے میں ہے۔ متاثرہ شہری نے اعلیٰ عدلیہ ، حکومتی حکام، انسپکٹر جنرل سندھ اور ڈی آئی جی حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کروا کر مذکورہ وکیل کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے



