10ڈاؤننگ سٹریٹ کی مشہور بلی لیری نے7ویں برطانوی وزیراعظم کااستقبال کرلیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ کے وزیراعظم کی سرکاری رہائشگاہ10ڈاؤننگ اسٹریٹ کی مشہور بلی لیری نے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم کا استقبال کرکے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر سب کی توجہ حاصل کرلی۔لیری کیٹ کے ایکس اکاؤنٹ سے نئے وزیراعظم کی آمد پر طنزیہ انداز میں پیغام جاری کیا گیا کہ ’’سیاست دان آتے جاتے رہتے ہیں، بلیاں ہمیشہ رہتی ہیں‘‘۔
پیغام میں نئے وزیراعظم کے لیے مزاحیہ ہدایات بھی جاری کی گئیں، جن کے مطابق لیری کوصبح9بجے ناشتہ،ساڑھے10بجے برنچ اوردوپہر12بجے کھانا پسند ہے،جبکہ درمیان میں اسنیکس بھی ضروری ہیں۔
لیری کو15فروری2011کو اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے دور میں لندن کے ایک جانوروں کے شیلٹر سے گود لیا گیا تھا۔ تقریباً4سالہ لیری کو10ڈاؤننگ اسٹریٹ میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو پانے کے لیے لایا گیا تھا۔
چوہے پکڑنے کے علاوہ لیری مہمانوں کا استقبال،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ اور قدیم فرنیچر پر آرام کے لیے بہترین جگہوں کا انتخاب بھی کرتی ہے۔گزشتہ15برس کے دوران لیری ڈیوڈ کیمرون، تھریسا مے، بورس جانسن، لز ٹرس، رشی سونک، کیئر اسٹارمر اور اب اینڈی برنہم سمیت 7 برطانوی وزرائے اعظم کے ساتھ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں رہ چکی ہے۔
تقریباً 19 سالہ لیری کے ایکس اکاؤنٹ کے 9 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، جسے ایک نامعلوم شخص چلاتا ہے۔



