لاڑکانہ میں افسوسناک واقعہ: گھر پر فائرنگ، ایک شخص قتل، دو بیٹے شدید زخمی، ملزمان فرار


لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) کے علاقے رتوڈیرو کے محلہ موٹن پور میں مسلح افراد نے گھر پر حملہ کر کے اعجاز جلبانی کو اہلِ خانہ کے سامنے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔
واقعے میں مقتول کے دو بیٹے مشتاق اور جاوید جلبانی شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ٹراما سینٹر لاڑکانہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور واقعے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ مقتول کی لاش کو تحصیل اسپتال رتوڈیرو منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
ورثاء نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ملزمان کا تعلق بھی جلبانی برادری سے ہے اور ان کے درمیان ذاتی رنجش چل رہی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ صلح کی متعدد کوششیں کی گئیں تاہم مخالفین باز نہ آئے۔
اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔