کرکری سیو نمکو

ایمل سفیان

لفظ "نمکو” اصل میں "نمکین” سے نکلا ہے۔ قدیم دور میں شام کے وقت چائے کے ساتھ کھائے جانے والے نمکین اور چٹپٹے خشک لوازمات کے لیے یہ عمومی نام استعمال ہونا شروع ہوا۔

سیو (Sev) نمکو کا سب سے بنیادی اور اہم جزو ہے، جس کے بغیر کوئی بھی مکس نمکو مکمل نہیں ہوتی۔ یہ بیسن کی کرکری، تلی ہوئی باریک یا موٹی سیویوں کی شکل میں تیار کی جاتی ہے۔

سیو کی شروعات ہندوستان کے تاریخی خطے مالوہ (بالخصوص رتلام) سے ہوئی۔ 19 ویں صدی میں جب علاقے کے راجہ نے بیسن کی سیوئیاں بنانے کی ہدایت دی، تو بھیل قبیلے نے مقامی مصالحوں اور اجوائن کے ساتھ اسے پہلی بار تیار کیا۔ یوں مشہور "رتلامی سیو” وجود میں آئی جو بعد میں پورے برصغیر میں مقبول ہو گئی۔

پاکستان اور بھارت میں سیو کو یا تو اکیلے (باریک یا موٹی چٹپٹی سیو) کھایا جاتا ہے یا پھر اسے چاٹ، دہی بھلوں، اور دیگر مکس نمکو میں کرکرا پن لانے کے لیے اوپر سے چھڑکا جاتا ہے۔

​گھر پر کرکری سیو بنانے کی آسان ترکیب

​اجزاء

​بیسن: 2 کپ

​اجوائن: ½ چائے کا چمچ (ہاتھ سے مسل لیں)

​ہلدی: ½ چائے کا چمچ

​لال مرچ پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

​ہینگ (Hing): ایک چٹکی( آپشنل ) (زبردست خوشبو اور ہضم کے لیے)

​نمک: 1 چائے کا چمچ (یا حسبِ ذائقہ)

​تیل : 2 کھانے کے چمچ

​پانی: حسبِ ضرورت

​تیل: تلنے کے لیے حسب ضرورت

​طریقہ کار

​ ایک بڑے برتن میں بیسن، اجوائن، ہلدی، لال مرچ، ہینگ، نمک اور 2 کھانے کے چمچ تیل ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ اب تھوڑا تھوڑا پانی ڈال کر ایک نرم اور لچکدار آٹا گوندھ لیں (آٹا نہ زیادہ سخت ہو نہ ہی بہت پتلا)۔

سیو بنانے والی مشین (Sev Maker) کو اندر سے تیل لگا کر چکن کریں۔ اپنی پسند کے مطابق باریک یا درمیانی سائز والی جالی منتخب کریں اور آٹا مشین میں بھر دیں۔

​کڑاہی میں تیل درمیانی آنچ پر اچھی طرح گرم کریں۔ مشین کو کڑاہی کے اوپر رکھ کر گولائی میں گھماتے ہوئے سیو کو براہِ راست گرم تیل میں ڈالیں۔

اگر مشین نہیں ہے تو کوئی مسئلہ نہیں،پانی یا کولڈ ڈرنک کی ایک چھوٹی پلاسٹک کی بوتل لیں۔

​بوتل کے ڈھکن (Cap) میں کسی گرم سوئی یا کیل کی مدد سے چند باریک سوراخ کر لیں۔

​بیسن کا نرم پیسٹ بوتل میں بھریں اور ڈھکن اچھی طرح بند کر دیں۔

​بوتل کو الٹا کر کے گرم تیل کے اوپر ہلکا سا دبائیں (Squeeze کریں)، سیو دھار کی صورت میں تیل میں گرنا شروع ہو جائے گی۔

​سیو کو تیز آنچ پر نہ تلیں ورنہ یہ اندر سے کچی رہ جائے گی۔ 1 سے 2 منٹ ایک طرف سے پکنے دیں، پھر پلٹ کر دوسری طرف سے ہلکا سنہری اور کرکرا ہونے تک فرائی کریں۔

​ تیل سے نکال کر کچن ٹاول پر رکھیں اور مکمل ٹھنڈا ہونے دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر یہ مزید کرکری ہو جائے گی، پھر اسے ہاتھ سے ہلکا سا توڑ کر جار میں محفوظ کر لیں۔اسے مکمل ٹھنڈا ہونے کے بعد ہی ایئر ٹائٹ ڈبے میں رکھیں۔ یہ مہینے بھر تک خراب نہیں ہوتی۔

مزید خبریں

Back to top button