”دو پہیوں پر دنیا گھومنے کیلئے پیدا ہوئی لڑکی”سواں کی نذرہوگئی

راولپنڈی(جانوڈاٹ  پی کے)پاکستانی وی لاگر اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر کومل خان راولپنڈی میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہوگئیں۔28سالہ کومل خان کو موٹر سائیکل چلانے اور نئی جگہیں دریافت کرنے کا شوق تھا، جبکہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے سفر اور خوبصورت مقامات کی ویڈیوز اور ریلز بھی شیئر کرتی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق راولپنڈی میں شدید بارش کے بعد دریائے سواں اور نالہ لئی میں طغیانی آگئی۔ اسی دوران مبینہ طور پر کومل خان کی موٹر سائیکل پھسل گئی اور وہ دریائے سواں میں جاگریں۔

حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے کومل خان کی لاش دریا سے برآمد کرلی۔

کومل خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 5 ہزار فالوورز تھے، جبکہ ان کے بائیو میں درج تھا: ’’دو پہیوں پر دنیا گھومنے کے لیے پیدا ہوئی لڑکی‘‘، جو ان کے سفر اور موٹر سائیکلنگ سے گہری وابستگی کی عکاسی کرتا تھا۔

کومل خان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ملازمہ بھی تھیں۔ ان کی اچانک اور المناک موت کی خبر سامنے آنے پر اہلخانہ، ساتھیوں اور سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

کومل خان کی موت نے ان کے چاہنے والوں کو سوگوار کردیا، جبکہ حادثے نے شدید بارش کے دوران دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب سفر کے خطرات کو بھی اجاگر کردیا۔

مزید خبریں

Back to top button