خواجہ آصف کا سہیل آفریدی کو ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج،دہشتگردی پرکھلا مقابلہ مانگ لیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو ٹی وی پر براہِ راست مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی عمران خان کے دور میں آئی اور وہ صوبے میں دہشت گردوں کو بسانے کے سب سے بڑے حامی تھے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اسمبلی تقاریر اور میڈیا ریکارڈ اس بات کے گواہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختوخوا کی موجودہ قیادت شہری شہداء کے گھروں میں فاتحہ خوانی کے لیے جانے سے بھی انکاری ہے۔وفاقی وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ وفاق سے اقتدار جانے کے بعد خیبرپختونخوا کے ہر وزیراعلیٰ نے وفاق پر حملہ کیا، جبکہ 9 مئی کا واقعہ اس کے علاوہ ہے۔خواجہ آصف نے مزید الزام لگایا کہ خیبرپختونخوا کی قیادت سرکاری مال لوٹنے کے ساتھ دہشت گردوں کو بھتے کی صورت میں حصہ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہنے والے خون میں صوبائی حکومت کے ہاتھ بھی رنگے ہوئے ہیں اور قوم و خدا سب سے حساب لیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد وطن کی وحدت اور وفاق کی علامت ہے، جبکہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج اندرونی و بیرونی دشمنوں کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔



