اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے سے عوامی مسائل حل ہوں گے، خالد مقبول

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے سے عوام کے مسائل حل ہوں گے اور جمہوریت کے ثمرات عام شہری کی دہلیز تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج عوامی ریفرنڈم ہوگا، کراچی کے لوگ بڑی تعداد میں باہر نکل کر اپنی موجودگی کا احساس دلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام غلام نہیں، قوموں کی تقدیر بدلنے کے لیے انہیں عملی میدان میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ اقتدار اور اختیارات گلی محلوں تک منتقل ہوں اور عام پاکستانی کو جمہوریت کے ثمرات اس کی دہلیز پر ملیں۔
دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہوگیا ہے اور سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بنانے کی بات کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ، سکھر، نواب شاہ اور کراچی کے انتظامی اختیارات عوام کو منتقل ہونے چاہئیں۔
فاروق ستار نے سندھ میں طرز حکمرانی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جب گورننس کا نظام ناکام ہوجائے تو اختیارات کی منتقلی ضروری ہوجاتی ہے۔ ان کے مطابق عوام بااختیار بلدیاتی نظام کے خواہاں ہیں۔



