دنیا بھر میں کشمیری بھارت کا یومِ آزادی یومِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کا یومِ آزادی یومِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے سکیورٹی پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔

دنیا بھر میں کشمیری اور ان کے حامی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق بھارتی یومِ آزادی کے موقع پر سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں حساس مقامات پر بھارتی فوج، پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ اہم شاہراہوں پر اضافی چیک پوسٹیں اور ناکے قائم کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے، جبکہ سری نگر کے بخشی سٹیڈیم کو مکمل طور پر سکیورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے۔

بخشی سٹیڈیم میں بھارتی یومِ آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی، جہاں ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کے ساتھ ماہر نشانہ باز اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button