کراچی میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، ملک بھر میں تعداد 41 تک پہنچ گئی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) کراچی میں منکی پاکس کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد تشویش بڑھ گئی ہے، اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان میں ایم پاکس کی تصدیق ہوگئی۔
حکام کے مطابق متاثرہ نوجوان کو گزشتہ روز نیپا اسپتال لایا گیا تھا۔ جسم پر دانوں کی شکایت کے بعد نوجوان کے سیمپلز ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے، جن کے PCR ٹیسٹ میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی۔
حکام کے مطابق کراچی میں اب تک ایم پاکس کے 13 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ سندھ بھر میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں مجموعی طور پر منکی پاکس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 41 ہوگئی۔
منکی پاکس ایک وائرل بیماری ہے جو بنیادی طور پر جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوسکتی ہے۔ یہ وائرس پاکس وائرڈی خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی مختلف اقسام دنیا کے مختلف علاقوں میں پائی جاتی ہیں۔
منکی پاکس کا آغاز افریقا سے بتایا جاتا ہے، جبکہ دنیا میں انسانوں میں اس کا پہلا تصدیق شدہ کیس 1970 میں ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو میں ایک بچے میں سامنے آیا تھا۔



