کروڑوں کے زیورات لٹ گئے، کِم کارڈیشین کو عدالت سے صرف ایک یورو ہرجانہ

پیرس(جانو ڈاٹ پی کے) امریکی ماڈل اور کاروباری شخصیت کِم کارڈیشین کو 2016 میں پیرس میں ہونے والی مشہور ڈکیتی کے مقدمے میں عدالت کی جانب سے صرف ایک یورو ہرجانہ دیا گیا، حالانکہ واردات کے دوران وہ لاکھوں ڈالر مالیت کے قیمتی زیورات سے محروم ہوگئی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کِم کارڈیشین نے پیرس میں پیش آنے والی اس واردات کو اپنی زندگی کا انتہائی خوفناک تجربہ قرار دیا تھا۔ گزشتہ سال فرانسیسی عدالت نے ڈکیتی میں ملوث آٹھ افراد کو مجرم قرار دیا تھا۔
کِم کارڈیشین نے اپنی دوست اور اسٹائلسٹ سیمون ہاروچ کے ہمراہ جاری مشترکہ بیان میں فرانسیسی عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ مالی معاوضے سے زیادہ انصاف اور ذمہ داری کے تعین سے متعلق تھا۔ ان کے مطابق اس واقعے کے اثرات آج بھی ان کی زندگی کا حصہ ہیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ہوٹل کے سابق ریسپشنسٹ کو ایک لاکھ 9 ہزار یورو معاوضہ دیا گیا، جو واردات کے دوران شدید ذہنی صدمے کا شکار ہوئے تھے، جبکہ ہوٹل انتظامیہ کو بھی 50 ہزار یورو ادا کیے گئے۔
دوسری جانب سیمون ہاروچ کو ان کی درخواست کے مطابق صرف ایک یورو بطور ہرجانہ دیا گیا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں دو افراد پولیس اہلکاروں کا روپ دھار کر پیرس کے ایک ہوٹل میں کِم کارڈیشین کے کمرے میں داخل ہوئے تھے۔ ملزمان نے انہیں باندھ دیا اور 60 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے زیورات لوٹ لیے تھے، جن میں ان کی مشہور ڈائمنڈ رنگ بھی شامل تھی۔
کِم کارڈیشین کی جانب سے صرف ایک یورو ہرجانے کی درخواست کا مقصد مالی فائدے کے بجائے واقعے کی قانونی ذمہ داری اور انصاف کے عمل پر زور دینا تھا۔



