حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹس پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد مختلف مقدمات میں مطلوب دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف پہلے سے جاری عدالتی وارنٹس پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نومبر 2024 کے ڈی چوک احتجاج سمیت مختلف مقدمات میں عدالتی وارنٹس کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد پولیس کو مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں مطلوب افراد کے وارنٹس پر قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید اکبر اور عبدالغنی کے خلاف ڈی چوک احتجاج سے متعلق مقدمات میں جاری وارنٹس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اسی طرح شبلی فراز، مراد سعید اور حماد اظہر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس سے متعلق مقدمات میں جاری عدالتی وارنٹس بھی زیرِ عمل لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مختلف اسلام آباد مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں میں زرتاج گل، عامر مسعود مغل، ڈاکٹر امجد علی اور مینا خان آفریدی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کے خلاف فیض آباد احتجاج سے متعلق مقدمے میں جاری قانونی کارروائی بھی آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ گرفتاریاں نئی ایف آئی آرز کی بنیاد پر نہیں بلکہ پہلے سے درج مقدمات اور ماضی میں جاری کیے گئے عدالتی وارنٹس کے تحت عمل میں لائی جائیں گی۔
پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جاری عدالتی احکامات پر قانون کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔



