اسرائیل کو لبنان پر حملے سے روکیں گے، ایران مذاکرات میں پیشرفت کی امید ہے، امریکی نائب صدر

واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کو لبنان پر حملہ کرنے سے روکنے کے لیے سرگرم کردار ادا کرے گا، جبکہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق جاری مذاکرات میں مثبت پیشرفت کی امید بھی ظاہر کی ہے۔

سوئٹزرلینڈ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ لبنان سے متعلق کشیدگی میں کچھ کمی آئی ہے، تاہم جنگ بندی کے مستقبل کے حوالے سے خدشات بدستور موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اطلاعات میں یہ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیلی حکومت جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچا سکتی ہے، اسی لیے امریکہ خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ میں اپنے ایک سے دو روزہ قیام کے دوران ایران کے ایٹمی پروگرام اور خطے کی مجموعی صورتحال پر اہم مذاکرات ہوں گے، جن سے مثبت نتائج کی توقع ہے۔

نائب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں ایران پر عائد طویل المدتی پابندیوں اور امریکی تجاویز کے تحت ایرانی معیشت کی بحالی کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔

اس سے قبل ایک امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کیے جانے کے کوئی شواہد نہیں ملے اور ایرانی اعلانات کے باوجود یہ اہم عالمی آبی گزرگاہ کھلی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں، اور انہیں یقین ہے کہ جنگ بندی برقرار رکھی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ سفارتی مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے تمام فریقین کو موقع دینا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button