پی ٹی آئی احتجاج سے پہلے مبینہ جتھہ تیار کرنے کاانکشاف،خاتون سمیت2افرادگرفتار،بغاوت کا مقدمہ

 لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں سے مبینہ تصادم کے لیے نوجوانوں کا جتھہ تیار کرنے کے الزام میں لاہور کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا، جبکہ خاتون سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت امین کے نام سے ہوئی، جبکہ کارروائی کے دوران اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس نے فرار ہونے والے افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے ایک خاتون کی آڈیو ریکارڈنگ ملی، جس کے بارے میں گرفتار شخص نے پولیس کو بتایا کہ فاطمہ نامی خاتون نے مبینہ طور پر جتھہ تیار کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ ایف آئی آر میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ نوجوانوں کو احتجاج کے دوران پولیس سے لڑائی کے لیے تربیت دینے کی تیاری کی جا رہی تھی۔پولیس نے مقدمے میں بغاوت سمیت مختلف دفعات شامل کی ہیں اور دیگر نامزد و نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری رکھنے کا بتایا ہے۔ تاہم مقدمے میں عائد الزامات کا حتمی تعین عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button