جاپان میں 7.1 شدت کے زلزلے سے تباہی، ہلاکتیں 13 ہو گئیں، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل


ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں گزشتہ روز آنے والے 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مسلسل ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق اب تک 9 ہزار 872 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ زلزلے کے باعث 36 ہزار 700 گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 27 منٹ (پاکستانی وقت رات 12 بج کر 27 منٹ) پر کیوشو جزیرے کے اندرونی علاقے میں آیا۔
زلزلے کے بعد کوماموتو کے ایک شاپنگ مال میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایک عینی شاہد کے مطابق عمارت کی دوسری منزل مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی۔
جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں پھنسے کئی افراد کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا، جبکہ ایک فیکٹری میں چمنی گرنے کے بعد وہاں بھی لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔