اسلام کوٹ میں پی ٹی آئی کی احتجاجی ریلی،عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی رہائی کا مطالبہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی قید کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر پی ٹی آئی اسلام کوٹ، تھرپارکر کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سنت نینورام مندر سے شروع ہو کر شہر کے مرکزی بازاروں سے ہوتی ہوئی اسلام کوٹ پریس کلب پہنچی، جہاں شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ریلی میں وکیل لجپت رائے سورانی بھیل، سینئر وائس پریزیڈنٹ یعقوب چانڈیو، پی ٹی آئی لیڈیز ونگ تھرپارکر کی صدر طاہرہ یعقوب، جنرل سیکریٹری علمان یعقوب، جنرل سیکریٹری مانجی بھیل، جیٹھو مل، نندلال تھری، لجپت رائے ملہانی، والجی، ہالو بھیل سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی فوری رہائی، آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حق میں نعرے بلند کیے۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد عدلیہ، قانون کی مساوی حکمرانی، عوامی رائے کا احترام اور جمہوری اقدار کا تحفظ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو جمہوری اور آئینی دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیے۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئین، جمہوریت، انصاف اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔



