جماعت اسلامی کا عیدالاضحیٰ کے بعد ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے عیدالاضحیٰ کے بعد ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نہتے شہریوں، بچوں اور خواتین پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام نے اپنی قربانیوں سے دنیا پر اسرائیلی مظالم بے نقاب کر دیے ہیں۔
انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے کھربوں روپے وصول کیے جا چکے ہیں جبکہ مہنگائی اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر موٹر سائیکل سوار بھی بھاری لیوی ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے اس کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور متوسط طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آج بھی ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی جبکہ عید کے بعد پہیہ جام ہڑتال کی کال دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے منشیات کے بڑھتے کاروبار پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں نوجوان نشے کی لعنت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ’’ابھی تو ایک پنکی پکڑی گئی ہے، نہ جانے کتنی پنکیاں اور ہوں گی‘‘، اور مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔



