اسلام آباد میں احتجاج کا طوفان؟ حکومت نے23ہزار500اضافی پولیس اہلکار طلب کرلیے

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور کسانوں کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، حکومت نے اسلام آباد میں اضافی نفری تعینات کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

وفاقی حکومت نے سیکیورٹی انتظامات کے لیے تین صوبوں سے مجموعی طور پر 23 ہزار 500 پولیس اہلکار اسلام آباد طلب کرلیے ہیں، جبکہ کابینہ ڈویژن نے اضافی پولیس نفری کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار جبکہ بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار اسلام آباد طلب کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 23 ہزار 500 اہلکار 20 ستمبر سے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے جائیں گے۔

کابینہ ڈویژن نے متعلقہ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ اضافی پولیس نفری کی بروقت اسلام آباد منتقلی اور تعیناتی کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

اسلام آباد میں مختلف سیاسی اور عوامی احتجاجی سرگرمیوں کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات میں غیر معمولی اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے اور اہم سرکاری و حساس تنصیبات کی سیکیورٹی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button