ایران کا چین سے سیکڑوں فضائی دفاعی میزائل خریدنے کا مبینہ معاہدہ، بیجنگ نے دعویٰ مسترد کر دیا


تہران(ویب ڈیسک) ایران نے اپنی فضائی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے چین سے سیکڑوں فضائی دفاعی میزائل خریدنے کا مبینہ معاہدہ کر لیا ہے، تاہم چینی وزارت خارجہ نے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایران نے چین سے 300 سے 400 مین پیڈ (MANPADS) فضائی دفاعی میزائل نظام خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، جس کی مالیت 60 سے 70 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کو آئندہ ہفتوں میں کیو ڈبلیو-12 (QW-12) اور ایف این-16 (FN-16) طرز کے فضائی دفاعی میزائلوں کی پہلی کھیپ موصول ہونے کا امکان ہے، جبکہ یہ معاہدہ ہانگ کانگ میں قائم ایک کمپنی کے ذریعے طے پایا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایران حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اپنی فضائی دفاعی صلاحیت کو ازسرِ نو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے رائٹرز کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ ہمیشہ امن کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔