ایران نے ابھی تک اپنے سب سے تباہ کن ہتھیاروں کو استعمال نہیں کیا، سینئر ایرانی کمانڈر

تہران(جانوڈاٹ پی کے)سینئر ایرانی کمانڈر اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف کے مشیر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہےکہ ایران کو مکمل فوجی برتری حاصل ہے اور اگر دوبارہ کشیدگی بڑھی تو وہ عالمی تیل منڈیوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں جنرل محمد رضا نقدی نےکہا کہ ایران نے ابھی تک اپنے سب سے تباہ کن ہتھیاروں کو استعمال نہیں کیا، ابھی بہت سے اہداف ایسے ہیں جنہیں ہم نے نشانہ نہیں بنایا، انہیں ہم اگلے مراحل کے لیے محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران خطے میں تیل کی پیداوار کو مستقل طور پر روک سکتا ہے۔ اگر وہ ہمارے بجلی گھروں کو نشانہ بنائیں گے تو وہ بھی اپنے بجلی گھروں سے محروم ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا اگر ایک بیلسٹک میزائل طیارہ بردار جہاز کے ڈیک پر لگ جائے تو تمام طیارے سمندر میں جا گریں گے اور ہزاروں ٹن گولا بارود پھٹ جائے گا، جو امریکا کے لیے قومی تباہی ہوگی۔
سینئر ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ ایران کی سب سے بڑی طاقت اس کی زمینی افواج ہیں، جو ابھی تک جنگ میں شامل نہیں ہوئیں، اگر خطے میں امریکی اڈے ختم نہ کیے گئے تو ہم خود جا کر انہیں ختم کر سکتے ہیں، ہم اپنے ہتھیاروں پر غرور نہیں کرتے، عام فوجی حساب کتاب کے مطابق بھی برتری ہمارے پاس ہے، مگر خدا ہمارے ساتھ ہے، اسی لیے وہ شکست کھا رہے ہیں۔



